حضور ﷺ کی معراج مکہ کے کافروں کے لئے آزمائش تھی آج کے منافقوں کیلئے بھی آزمائش ہیں جو معراج کو خواب کہتے ہیں :-
حضور ﷺ کی معراج مکہ کے کافروں کے لئے آزمائش تھی آج کے منافقوں کیلئے بھی آزمائش ہیں جو معراج کو خواب کہتے ہیں :-
ترجمۂ کنز العرفان
اور جب ہم نے تم سے فرمایا: بیشک سب لوگ تمہارے رب کے قابو میں ہیں اور ہم نے آپ کو جو مشاہدہ کرایا اسے لوگوں کیلئے آزمائش بنادیا اور اس درخت کو بھی جس پرقرآن میں لعنت کی گئی ہے اور ہم انہیں ڈراتے ہیں تو یہ ڈرانا ان کی بڑی سرکشی میں اضافہ کردیتاہے۔(سورۃ بنی اسرائیل آیت نمبر 59)
تفسیر صراط الجنان
{ وَ اِذْ قُلْنَا لَكَ : اور جب ہم نے تم سے فرمایا۔} یعنی فرمایا گیا کہ سب لوگ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کے قبضۂ قدرت میں ہیں تو آپ تبلیغ فرمائیے اور کسی کا خوف نہ کیجئے، اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ آپ کا نگہبان ہے۔ ( خازن، الاسراء، تحت الآیۃ : ۶۰ ، ۳ / ۱۷۹-۱۸۰ )
{ اِلَّا فِتْنَةً لِّلنَّاسِ : مگر لوگوں کیلئے آزمائش۔} ارشاد فرمایا کہ شب ِ معراج بیداری کی حالت میں جو آیات ِ الٰہیہ کا آپ کومعائنہ کروایا گیا تو وہ لوگوں کیلئے ایک آزمائش تھا چنانچہ جب رسولُ اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے لوگوں کو واقعہ معراج کی خبر دی تو کفار نے اس کی تکذیب کی اور بعض مسلمان بھی مُرتد ہوگئے اور کفار مذاق کے طور پر بیتُ المقدس کی عمارت کا نقشہ دریافت کرنے لگے ۔حضورِ اقدس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے سارا نقشہ بتادیا تو اس پر کفار آپ کو جادوگر کہنے لگے۔ اس آیت میں معراجِ جسمانی کا ثبوت ہے کیونکہ مشرکین نے اس کا انکار کیا اور فتنہ اٹھایا، اگر یہ صرف خواب کی معراج ہوتی تو نہ اس کا انکار ہوتا اور نہ فتنہ۔ یہاں دکھانے سے معراج کی رات کی وہ سیر ہے جس کی خبر حضور پُرنور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے مکہ والوں کو دی ، حضرت ابو بکر رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سن کراسے ماننے کی وجہ سے صدیق بن گئے اور کفارِ مکہ سن کر اس کا انکار کرنے کی وجہ سے زندیق بن گئے ۔ غرضیکہ معراج کو مان کر کوئی صدیق بنا اور کوئی انکار کرکے زندیق ہوا۔
{ وَ الشَّجَرَةَ الْمَلْعُوْنَةَ : اور لعنتی درخت۔} یعنی زقوم کا درخت جو جہنم میں پیدا ہوتا ہے، اس کو سبب ِآزمائش بنادیا یہاں تک کہ ابوجہل نے کہا کہ اے لوگو! محمد صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی
عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ تمہیں جہنم کی آگ سے ڈراتے ہیں کہ وہ پتھروں کو جلا دے گی ،پھر یہ بھی فرماتے ہیں کہ اس میں درخت اُگیں گے۔ آگ میں درخت کہاں رہ سکتا ہے؟ یہ اعتراض کفار نے کیا اور قدرتِ الٰہی سے غافل رہے اور یہ نہ سمجھے کہ اُس قادرِ مختار کی قدرت سے آگ میں درخت پیدا کرنا کچھ بعید نہیں۔ (خازن، الاسراء، تحت الآیۃ : ۶۰ ،۳ / ۱۸۰، روح البیان، الاسراء، تحت الآیۃ : ۶۰ ، ۵ / ۱۷۸ ، ملتقطاً)
Comments
Post a Comment