حضرت خضر عَلٰی نَبِیِّنَا وَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا معجزہ اور علم غیب

حضرت خضر  عَلٰی نَبِیِّنَا وَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا معجزہ اور علم غیب :-*
ترجمۂ کنز العرفان     
خادم نے عرض کی: سنئے ! جب ہم نے اس چٹان کے پاس (آرام کیلئے) ٹھکانہ بنایا تھا تو بیشک میں مچھلی (کے متعلق بتانا) بھول گیا تھا اور مجھے شیطان ہی نے اس کا ذکر کرنا بھلادیا اور (ہوا یہ ہے کہ) مچھلی نے سمندر میں اپنا راستہ بڑا عجیب بنایا۔ موسیٰ نے فرمایا: یہی تو ہم چاہتے تھے پھر وہ دونوں اپنے قدموں کے نشانات دیکھتے واپس لوٹ گئے۔ تو انہوں نے ہمارے بندوں میں سے ایک بندہ پایا جسے ہم نے اپنے پاس سے خاص رحمت دی تھی اور اسے اپنا علم لدنی عطا فرمایا۔ *(سورۃ الکہف آیت نمبر 63/65)*
{فَوَجَدَا  :  تو انہوں نے پایا۔}    یعنی جب وہ دونوں  بزرگ واپس اسی جگہ پہنچے تو وہاں انہوں نے  اللّٰہ  تعالیٰ کے بندوں  میں  سے ایک بندہ پایا  جو چادر اوڑھے آرام فرما رہا تھا۔ یہ حضرت خضر  عَلٰی نَبِیِّنَا وَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام  تھے۔ لفظ خضر لغت میں تین طرح سے آیا ہے۔ (1) ’’   خا ‘‘کے نیچے زیر اور ضاد کے اوپر جزم کے ساتھ یعنی خِضْر۔ (2)  ’’خا ‘‘ کے اوپر زبر اور ضاد کے اوپر جزم کے ساتھ یعنی خَضْر۔ (3) ’’   خا‘‘ کے اوپر زبر اور ضاد کے نیچے زیر کے ساتھ یعنی خَضِر۔ یہ آپ  عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام  کا لقب ہے اور اس لقب کی وجہ یہ ہے کہ آپ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام  جہاں  بیٹھتے یا نماز پڑھتے ہیں  وہاں اگر گھاس خشک ہو تو سرسبز ہوجاتی ہے۔ آپ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام  کا نام بَلیا بن ملکان اور کنیت ابوالعباس ہے ۔ ایک قول یہ ہے کہ آپ   عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام  بنی اسرائیل میں  سے ہیں ۔ ایک قول یہ ہے کہ آپ  عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام  شہزادے تھے اور آپ نے دنیا ترک کرکے زہد اختیار فرما لیا تھا۔   *(روح البیان، الکھف، تحت الآیۃ: ۶۵، ۵ / ۲۶۷، خازن، الکھف، تحت الآیۃ  : ۶۵، ۳ / ۲۱۸، ملتقطاً)* 
اس آیت میں اللّٰہ تعالیٰ نے حضرت خضر  عَلٰی نَبِیِّنَا وَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی شان میں مزید دو باتیں  ارشاد فرمائیں ۔ 
ایک یہ کہ اسے ہم نے اپنے پاس سے خاص رحمت دی تھی۔ اس رحمت سے نبوت مراد ہے یا ولایت یا علم یا لمبی زندگی۔ آپ  عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام  ولی تو بالیقین ہیں  جبکہ آپ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام  کی نبوت میں اختلاف ہے۔ا علیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ  فرماتے ہیں  ’’سیدنا خضر   عَلَیْہِ السَّلَام  جمہور کے نزدیک نبی ہیں  اور ان کو خاص طور سے علمِ غیب عطا ہوا ہے۔  اللّٰہ تعالیٰ نے فرمایا ’’   وَ عَلَّمْنٰهُ مِنْ لَّدُنَّا عِلْمًا *(فتاویٰ رضویہ، ۲۶/ ۴۰۱)*
 ایک اور مقام پر فرماتے ہیں ’’معتمد ومختار یہ ہے کہ وہ  (یعنی حضرت خضر   عَلٰی نَبِیِّنَا وَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام ) نبی ہیں  اور دنیا میں  زندہ ہیں ۔ *(فتاویٰ رضویہ،  ۲۸ / ۶۱۰)* 
دوسری یہ کہ اسے اپنا علم لدُنی عطا فرمایا۔   علم لدنی سے مراد غیب کا علم ہے۔   *( بیضاوی، الکھف، تحت الآیۃ : ۶۵، ۳ / ۵۱۰، جلالین، الکھف، تحت الآیۃ: ۶۵، ص۲۴۹،مدارک، الکھف، تحت الآیۃ : ۶۵، ص۶۵۸)*
بعض مفسرین نے فرمایا علمِ لدنی وہ ہے جو بندے کواِلہام کے ذریعے حاصل ہو۔   *( مدارک، الکھف، تحت الآیۃ: ۶۵، ص۶۵۸)* 
 *حضرت خضر  عَلٰی نَبِیِّنَا وَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام  کے نام کی برکت۔* 
 بزرگانِ دین فرماتے ہیں  ’’جو حضرت خضر  عَلٰی نَبِیِّنَا وَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام  کا نام ان کی ولدیت اور کنیت کے ساتھ (یعنی ابوالعباس بَلیا بن ملکان ) یاد رکھے گا  اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ اس کا خاتمہ ایمان پر ہوگا۔   *(صاوی، الکھف، تحت الآیۃ  : ۶۵، ۴ / ۱۲۰۷)*

Comments

Popular posts from this blog

سورہِ صافّات کی آخری 3 آیات جس میں تمام رسولوں پر سلام ہے اس کی فضیلت پر حضور ﷺ نے فرمایا جس نے ہر نماز کے بعد 3 بار پڑھ لئے اجر کا پیمانہ بھر لیا نماز کے بعد رسولوں پر سلام پڑھنا بدعت نہیں ہوتی :-

Hazrat Musa Ka Hajj Karna Aur Huzoor ﷺ Ka dekhna nabi ki intaqal ke baad ki zindagi

حضور ﷺ تو ہزاروں سال پہلے مرنے والے کو بھی دیکھتے ہیں ورنہ آیات میں دیکھنے کے بجائے جاننے کے الفاظ ہوتے